اسلام آباد: (دنیا نیوز) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے کمرشل پلازوں کے ٹیکس واجبات کی عدم ادائیگی پر اسلام آباد کی 59 عمارتیں سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ یہ جائیدادیں وفاقی دارالحکومت کے پوش سیکٹرز میں واقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے شعبہ ریونیو نے وفاقی دارالحکومت میں ٹیکس ادا نہ کرنے والے بڑے پلازوں اور شاپنگ مالز کی فہرست مرتب کر لی ہے۔
ٹیکس ادا نہ کرنے والوں میں سیکٹر آئی ٹین کی سب سے زیادہ 24، سیکٹر آئی نائن اور سیکٹر آئی ایٹ کی 8، 8 جبکہ سیکڑ جی سکس اور بلیو ایریا کی 4، 4 جائیدادیں شامل ہیں۔
سیکٹر ایف ایٹ، ایف ٹین اور جی ٹین کی 3، 3 پراپرٹیز کا بھی ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔ سیکٹر ایف الیون میں بھی 2 کمرشل پلازوں کو ٹیکس کی عدم ادائیگی پر سیل کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں مزید سیکٹرز میں کارروائی کی جائے گی۔