لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ مریم نواز نے ن لیگ کو تباہ کر دیا، نواز شریف کا فیصلہ واپس ہوا تو دوسرے کیس میں بھی سزا ہو جائے گی، مبینہ ویڈیو مسلم لیگ ن کے گلے پڑ جائے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کی سیاست میں ویڈیو کی سیاست ختم ہوگئی، عمران خان ٹرمپ سے ملنے جا رہے ہیں، اللہ خیر کرے دونوں کا مزاج ایک جیسا ہے، ن لیگ کو مریم نواز نے تباہ کیا، یہ بتا دیں کہ ایون فیلڈ فلیٹ کہاں سے آئے، شریف خاندان منی ٹریل نہیں دے سکتا، ملک میں عظیم ججزموجود ہیں جو جمہوریت کو آگے لیکر جائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں واحد ہوں جس نے عمران خان کو کہا کہ انہیں باہر جانے دو، عمران خان نے صاف الفاظ میں کہا نہیں ایسا نہیں ہوگا، جو آدمی پیسے دینے کیلئے تیار ہے ہم اس سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، ن لیگ کے اندر بھی 2 گروپ ہیں، ایک ڈیل والا اور دوسرا جوڈو کراٹے والا، شہباز شریف اور میری پارٹی ایک ہے، شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں، شہباز شریف کو حمزہ عزیز ہے جبکہ مریم کو نواز شریف، چور مچائے شور کی فلم 90 دن میں اپنے انجام کو پہنچ جائے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ولہار اسٹیشن کے قریب افسوسناک حادثہ ہوا، ٹرین حادثے میں 24 ہلاکتیں ہوئیں، ایک ماہ میں حادثے کے ذمے داروں کیخلاف فیصلہ کریں گے، ریلوےکا خسارہ 5 بلین روپے کم کیا ہے، لاہور سے میانوالی ٹرین 19 جولائی سے چلا رہے ہیں، 10 اے سی کوچز لاہور سے کراچی اسٹینڈ بائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو ٹرینیں ہم نے چلائیں ہیں وہ ضرورت کے تحت ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا اس وقت 136 مسافر اور 55 فریٹ ٹرینیں ٹریک پر ہیں، نئی کوچز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، ریلوے لوکو موٹو میں کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا ہے، ریلوے میں 1122 طرز کی سیفٹی لیول کا بھی فیصلہ کیا ہے، ایم ایل ون میں نوابشاہ روہڑی کا ٹریک ٹھیک کرنا ہے، تمام پھاٹک ختم کریں گے، اوور ہیڈ اور انڈر گراؤنڈ راستے بنائیں گے، ریلوے میں ریسکیو 1122 کا سیفٹی پروجیکٹ لائیں گے، کسی نے ریلوے کا انفرا اسٹرکچر بہتر کرنے کی کوشش نہیں کی، ریلوے کا انفرا اسٹرکچر بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔