شہبازشریف کیخلاف نیا سکینڈل، زلزلہ متاثرین کی امداد خوردبرد کرنیکا الزام

Last Updated On 14 July,2019 05:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہبازشریف کے خلاف ایک اور سکینڈل سامنے آ گیا۔ برطانوی اخبار نے پاکستانی زلزلہ متاثرین کیلئے دی گئی برطانوی امداد میں خوردبرد کا الزام عائد کیا ہے جس کے مطابق لاکھوں پاؤنڈ پہلے برمنگھم اور پھر شریف خاندان کے اکاؤنٹ میں منتقل کئے گئے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل نے صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے متعلق منی لانڈرنگ کے سکینڈل کا انکشاف کیا ہے، اخبار کے مطابق  برطانیہ نے پنجاب کیلئے 50 کروڑ پاؤنڈز کی امداد دی، کچھ رقم ڈی ایف آئی ڈی پروگرام سے چرائی گئی، پیسہ بعد ازاں شریف خاندان کے اکاونٹ میں منتقل کر دیا گیا۔ شہری آفتاب محمود نے مبینہ منی لانڈرنگ کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ مذکورہ الزام پر برطانیہ نے شہبازشریف دور میں امداد کی تحقیقات کا فیصلہ کر لیا۔

 تفصیلات میں مزید بتایا گیا ہے کہ رقم شہباز شریف کی اہلیہ، بچوں اور داماد کو منتقل ہوئی، شہبازشریف کے داماد کو متاثرین کیلئے 10 لاکھ پاؤنڈز دیئے گئے تھے۔ اس حوالے سے سابق سیکریٹری آئی ڈی ایف ڈی کا کہنا ہے کہ امداد کا منی لانڈرنگ میں استعمال انتہائی تشویشناک بات ہے۔ دوسری جانب شہباز شریف فیملی نے ان الزامات کی تردید کر دی۔

وفاقی وزیرانسانی حقوق شیریں مزاری نے برطانوی اخبار کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لٹیروں نے صرف قوم کے پیسے اور وسائل ہی نہیں لوٹے امداد کیلئے دی گئی رقم تک چوری کر لی۔