اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف اپنے ساتھ اسحاق ڈار، بیٹے اور داماد کو بھی لے آتے تو قانونی قاضا پورا ہو جاتا، شہباز شریف 2 ہفتے کے عدالتی ریلیف کو 2 ماہ میں بدل کر واپس آئے۔
شہباز شریف کی وطن واپسی پر اپنے بیان میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف بیٹے اور داماد کو بھی لے آتے تو قانون کا تقاضا پورا ہو جاتا۔ انھوں نے کہا کہ شہباز شریف عدالت میں پیشی کی حکمت عملی اپنائیں اور عدالتی سوالوں اور منی لانڈرنگ کا جواب دیں۔
معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف کماؤ پتر سلمان شہباز سے متعلق بھی وضاحت کریں، شہبازشریف کہتے تھے کرپشن ثابت ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا، وہ گارنٹی دیں واپس نہیں جائیں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف نے مجبوری میں یہاں عید منائی، ان کی پاکستان میں پہلی عید ہوئی، امید ہے شہباز شریف بھی اگلی عید پاکستان میں کریں گے۔