سیالکوٹ/ ڈسکہ: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے قومی راز دنیا کو بتا کر ملکی سلامتی داؤ پر لگائی۔
سیالکوٹ میں اولڈ ہوم مسکن کے دورے کے دوران دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان کے قانون کو اپنے تابع کیے رکھا۔ ایک انگلی کے اشارے پر تمام غیر قانونی سہولتیں اور کام کرتی رہیں، اس لیے قانون کے تابع ہونا آپ کو ناگوار گزر رہا ہے، ہمیں آپ کی بے چینی کا احساس ہے، اس لیے حکومت اور وزیراعظم عمران خان پر حملے کیے جا رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کئی دہائیوں سے قانون کو آپ نے یرغمال کر رکھا تھا، اب وقت آگیا ہے کہ آپ کو اس قانون کے تابع رہنا ہوگا۔ قانون کی حکمرانی پر جیسے عملدرآمد ہوتا جائے گا، آپ کی بے چینی بڑھتی جائے گئی۔
بعد ازاں ڈسکہ میں عید ملن پارٹی سے خطاب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ادارے عوام کے لئے ہوتے ہیں۔ میں فوج کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ افواج پاکستان کے بعد ہمارے دوسرے اداروں کو بھی بجٹ میں کٹوتی کرنی ہے۔ عمران خان ہر جوان کی ضرورت کو پورا کرے گا۔ افواج پاکستان کی ضروریات ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کہتی ہیں کہ میرے والد پر کرپشن ثابت نہیں، وہ بتائیں کہ نواز شریف کونسا گولڈ میڈل جیت کر آئے ہیں؟ کرپشن نہیں کی تو وہ جیل میں کیوں ہیں؟ نواز شریف سمیت ہر قیدی کیلئے قانون برابر ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ن لیگ کی نائب صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جیسے جیسے قانون کی حکمرانی کو یقینی بناتے جائیں گئے، آپ کی بے چینی بڑھتی جائے گی۔