افغانستان میں امن عمل کے بعد پاکستان کی اہمیت بڑھے گی، وزیر خارجہ

Last Updated On 25 July,2019 01:02 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا کی پہلی ترجیح افغانستان ہے۔ امریکا سمجھتا ہے پاکستان افغان امن عمل میں مثبت رول ادا کر رہا ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کیساتھ“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کشمیر پر ثالثی کے رول کا کہا جبکہ وزیراعظم نے کہا ہم مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کے لیے تیار ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سے پہلے امریکا سے رابطے بالکل ختم ہو گئے تھے، کوئی رابطہ نہیں تھا جسے ہم نے بحال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سے پہلے امریکا میں بھارت کا بیانیہ حاوی تھا، بھارت کی کوشش رہی کہ پاکستان کو سفارتی تنہائی میں دھکیلے لیکن پاکستان کا بیانیہ پیش کرنے میں ہمیں کامیابی ہوئی۔ ہماری حکومت نے امریکا کو کشمیر کی صورتحال بارے آگاہ کیا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا سمجھتا ہے پاکستان آج پرابلم نہیں سلیوشن ہے اور افغان امن عمل میں مثبت رول ادا کر رہا ہے۔ افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان کو بھی فائدہ ہوگا

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکا سے کہا امداد مانگنے نہیں آئے بلکہ ٹریڈ کرنا چاہتے ہیں۔ ہماری معاشی اصلاحات کے حوالے سے ریفارمز کو سراہا گیا جبکہ امریکا میں آرمی چیف کو اکیس توپوں کی سلامی دینا مثبت پیشرفت ہے۔
 

Advertisement