پشاور: (دنیا نیوز) احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان آئی ایم ایف کے پاس چلے گئے، کہتے تھے قرض نہیں لوں گا، وہ بھی لیا، پاکستان کا کوئی دوست نہیں جہاں اس نے جا کر بھیک نہیں مانگی۔
لیگی رہنما احسن اقبال نے یوم سیاہ کے حوالے سے منعقعدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کو بین الاقوامی گدا گر بنا دیا ہے، لوگ کہتے ہیں راستہ بدل لو یہ بھیک مانگنا شروع کر دے گا، نئے پاکستان میں ہر وعدے کا خون کر دیا گیا، یہ اناڑی ہیں، عقل سے عاری ہیں انھوں نے ملک تباہ کر دیا۔
ادھر کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ انتخابات میں من پسند نتائج حاصل کیے گئے، یپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے ہمیشہ ملکی مفاد میں کام کیا، ٹرمپ کا کہنا ہے ماضی کی حکومتیں ان کی مرضی سے نہیں چلتی تھیں، ٹرمپ کے بیان سے واضح ہے ہم نے امریکی مفاد کیلئے کام نہیں کیا، عمران خان مودی کو ٹیلیفون کر کے منتیں کرتے ہیں، مودی کے یار ہم نہیں وہ ہیں جو ٹیلیفون کرتے ہیں۔
ایاز صادق نے مزید کہا کہ نیازی صاحب ! پاکستان کی عزت آپ نہیں تو ہم کرائیں گے، جمہوریت کیلئے جیل بھی جانا پڑا تو قبول کریں گے، عمران خان کنٹینر سے اترین، اسمبلی کو اہمیت دیں، بلاول سے گلہ ہے کہ انہوں نے عمران خان کو پہلےسلیکٹڈ کہا، عمران خان اس لیے ایوان نہیں آتے کوئی ان کو سلیکٹڈ نہ کہہ دے۔