اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عرفان صدیقی کو ہتھکڑی لگانے کے معاملے پر رپورٹ طلب کر لی، آئی جی اسلام آباد کو کل رپورٹ سمیت پارلیمنٹ طلب کر لیا۔
سپیکر اسد قیصر نے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور عرفان صدیقی کی اسلام آباد پولیس کی جانب سے گرفتاری اور ہتھکڑیاں لگانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا عرفان صدیقی ایک بزرگ استاد اور سینیئر صحافی ہیں، ہمیں قلم کے تقدس اور آزادی اظہار رائے کا احترام کرنا ہوگا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا قانون کرایہ داری کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کر کے ہتھکڑی لگانا قابل مذمت ہے، کسی سطح پر بھی کسی کیساتھ ناانصافی برداشت نہیں کر سکتا، قوموں کی ترقی و عروج کے حوالے سے علم بنیادی حیثیت رکھتا ہے، مذہب معاشروں میں استاد کا احترام لازم ہوتا ہے، معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے۔