اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈیلی میل کو شہبازشریف کا نوٹس گیا تو مرچیں شہزاد اکبر اور حکومت کو لگیں، حکومت پاکستان کا کیا کام کہ ایک اخبار کا دفاع کرے؟
اڈیالہ جیل کے باہر عرفان صدیقی کے ہمراہ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جلد ختم ہوگی، ان کو این آر او نہیں دینگے۔ یہ باہر جا کر کہتے ہیں نواز شریف کا ٹی وی اور اے سی اتار دونگا، یہ ملک کی ترقی اور معاشی بہتری کی بات کیوں نہیں کرتے؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کا دیوالیہ نکال دیا، ہر جگہ جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ کرپشن ثابت نہ ہوئی تو جھوٹے اخبار کا سہارا لیا گیا۔ برطانیہ میں قانونی نوٹس بھیجنے کا طریقہ کار ہے، یہ دفاع صرف اپنی پلانٹڈ خبر کی وجہ سے کر رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈیلی میل میں خبر وزیراعظم عمران خان اور شہزاد اکبر نے پلانٹ کروائی۔ شہباز شریف نے عمران خان کو ہتک عزت کے نوٹسز بھیجے لیکن آج تک عمران خان نے جواب نہیں دیا۔ حکومت نے دیوالیہ پن چھپانے کیلئے ایک بار پھر سرکاری خرچے پر شہزاد اکبر کو بٹھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی کی ضمانت نہیں بلکہ ان کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جانا چاہیے تھا۔ ان کے ہاتھ میں ہتھکڑی اور قلم کی تصویر تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔
لیگی ترجمان نے کہا کہ موجودہ حکومت سے شرمندگی کی امید نہ رکھی جائے، عرفان صدیقی کی رہائی میڈیا اور سول سوسائٹی کا پریشر تھا۔