اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے 14 ووٹ جانے سے جمہوریت کو نقصان پہنچا لیکن عوام کی عدالت میں حکومت کو شکست ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد متحدہ اپوزیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں 14 اراکین کے ووٹوں کے معاملے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’سلیکٹڈ‘ حکومت آج ضمیر فروشی سے جیتی، اس اقدام سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی جس میں ضمیر فروشوں کی نشاندہی ہوگی اور
انھیں بے نقاب کر کے قوم کے سامنے لایا جائے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ 14 سینیٹرز نے پارٹی اور جمہوریت کی پیٹھ پر چھرا گھونپا، ہم پارٹی میں پتا کرینگے کہ کس نے ان کو ووٹ دیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اخلاقی طور پر چیئرمین سینیٹ کو استعفیٰ دینا چاہیے۔
میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ آج ملک کا آئین بنانے والوں کی روح تڑپ رہی ہوگی۔ یہ ملکی سیاست کیلئے المیہ ہے۔ اس کھیل میں شریک قوتوں کو سامنے لائیں گے۔ میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی پارٹیاں ہیں، ہم ان سے تب تک لڑیں گے جب تک ان کو شکست نہیں دیتے۔