اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کے معاملے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جب کچھ ثابت نہیں ہوتا تو کاغذ لہرا کر پریس کانفرنس کی جاتی ہے، حکومت کے پاس ثبوت ہیں تو پبلک کرے۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے حکم پر شہزاد اکبر نیب کو اور کبھی ایف آئی اے پر دباؤ ڈالتے ہیں کہ شہباز شریف کو گرفتار کیا جائے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ تحریک انصاف نہیں ’تاریک انصاف‘ ہے جو وزیراعظم کی صورت میں ملک پر مسلط ہے۔ یہ کیا روز پرچون کی دکان لگا کر ثبوت دکھانے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔ کبھی کنٹینر، کبھی پی آئی ڈی اور کبھی وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر تماشے نہ کریں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پاکستان سرکاری خرچ پر بیرون ملک موجود اخبار کا دفاع کرتی ہے۔ اگر آپ میں کسی قسم کی ہمت اور جرات ہے تو تاریخ بتائیں انگلینڈ کی عدالت میں کب مقدمہ کریں گے؟ شہزاد اکبر انگلینڈ کی عدالت میں نہ جائیں، یہاں کی عدالتوں میں ثبوت پیش کریں۔