نیب لاہور کا اسحاق ڈار کیخلاف منی لانڈرنگ کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز

Last Updated On 30 July,2019 12:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیب لاہور نے اسحاق ڈار کیخلاف منی لانڈرنگ کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب لاہور کی اہم پیش رفت، نیب لاہور نے اسحاق ڈار کیخلاف منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے شواہد حاصل کر لئے۔ نیب ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار کیخلاف منی لانڈرنگ کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا جبکہ سابق وزیر خزانہ ملزم اسحاق ڈار کے مختلف بینک اکائونٹس سے ضبط شدہ 50 کروڑ روپے کی رقم صوبائی حکومت کو منتقل کر دی گئی۔

عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے نیب لاہور حکام نے 50 کروڑ کی خطیر رقم بینک الفلاح، حبیب بینک لمیٹڈ، الائیڈ بینک لمیٹڈ کے اکاؤنٹس سے ضبط کیں جو قومی خزانے میں جمع کروا دی گئی، چند روز قبل نیب لاہور کیجانب سے اسحاق ڈار کا گلبرگ میں واقع 5 کنال رقبہ پر محیط بنگلہ بھی بحق سرکار ضبط کر لیا گیا۔

نیب لاہور کیجانب سے حکومت پنجاب کو پابند کیا گیا ہے کہ مذکورہ بنگلہ کو فروخت کر کے حاصل ہونیوالی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جائے تاہم بنگلہ کی موجودہ مالیت کا تخمینہ 12 سے 15 کروڑ لگایا جاتا ہے۔ ملزم اسحاق ڈار کیخلاف جاری کیس میں عنقریب چند مزید اہم پیش رفت ہونے کی توقع بھی کی جا رہی ہیں، احتساب عدالت کیجانب سے ملزم اسحاق ڈار کو پہلے ہی مفرور قراد دیا جا چکا ہے۔
 

Advertisement