کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی نے یک زبان ہو کر بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت انتہائی خطرناک راستے پر چل پڑا ہے۔
سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو تمام پارلیمانی جماعتوں کے ارکان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق مشترکہ قرارداد ایوان میں پیش کی جسے منظور کر لیا گیا۔
قرارداد میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی خود مختاری کا خاتمہ، بھارتی افواج کے کشمیریوں پر مظالم اور خطرناک ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ مودی سرکار سے کوئی امید نہیں ہے، اقوام متحدہ کشمیر میں جارحیت کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔
اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ مودی مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت سے باز آ جائے، ہم اس پر خاموش نہیں رہ سکتے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مسلم اُمہ سمیت عالمی برداری اس بھارتی اقدام کا نوٹس لے۔ بھارتی اقدام کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کرنے کی سازش ہے۔ اجلاس کی مزید کارروائیاں منگل کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دی گئیں۔