سراج الحق کا کشمیر کے مسئلے پر عالمی کانفرنس بلانے کا مطالبہ

Last Updated On 07 August,2019 03:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کشمیر کے مسئلے پر عالمی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا بھات سے مقابلے کیلئے اپوزیشن حکومت کے ساتھ ہے۔

سراج الحق نے مشترکہ پارلیمنٹ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا اچھا ہوتا اگر حکومت تیاری کے ساتھ اجلاس بلاتی، کشمیر کی آزادی، بھارت سے مقابلے کیلئے اپوزیشن ساتھ ہے، وزیراعظم قدم بڑھائیں اپوزیشن اور قوم ان کے ساتھ ہے، کشمیری اس وقت پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، گزشتہ قلیل عرصے میں ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہو گئے، بھارت نے کشمیر کی وحدت کو تقسیم کرنے کی سازش کی تو بہتر نہیں ہوگا، کشمیر کے امن سے پوری دنیا کا امن وابستہ ہے۔

مولانا اسعد محمود نے کہا کہ وزیراعظم نے دورہ امریکا پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا، بھارتی اقدام کا حکومت کو کیسے ادراک نہیں ؟ سفارتی محاذ پر حکومتی نااہلی افشا ہو رہی ہے، امریکی ثالثی پر وزیراعظم قوم کو نوید سنا رہے تھے، بھارت کے اس ناجائز اقدام کو روکنے کیلئے ہم نے دنیا سے رابطہ کیوں نہ کیا، ہماری خارجہ پالیسی ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہے، بھارت کی آئین میں ترامیم یکطرفہ ہیں، پارلیمنٹ میں کل غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا، پاکستان سفارتی اور اخلاقی لحاظ سے کشمیریوں کیساتھ رہے گا، حکومت کشمیر پر واضح موقف نہیں دے پا رہی۔

 

Advertisement