اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کیلئے خط لکھ دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان کا خط اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کے صدر کو بھجوا دیا۔
خط میں درخواست کی گئی ہے کہ سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس بلایا جائے۔ ایک ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ بھارت کے غیر آئینی اقدامات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لیکر جانا چاہیے، پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے ان سفارشات پر غور کیا اور اپنا فیصلہ دیا۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں کابینہ کا خصوصی اجلاس بلوایا گیا، کابینہ نے فیصلے کی توثیق کی اور وزارت خارجہ کو حکم دیا کہ اس مسئلے کو سلامتی کونسل میں لیجانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے فیصلہ کیا کہ فی الفور چین جاؤں اور چینی حکام سے اس معاملے پر مشاورت کروں، چینی حکام کو قائل کرنے اور اپنا موقف سمجھانے میں کامیابی ہوئی اور چین نے پاکستان کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔