پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر روس نے پہلی مرتبہ بھارت کی حمایت کی بجائے ایک کاز کو سپورٹ کیا جس پر ہم دوست ملک کے مشکور ہیں۔ آپ کے ووٹ کاتقدس ہے کہ عمران خان نے دنیا کو جھنجھوڑا اور سلامتی کونسل کا اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ 5 دہائیوں بعد سلامتی کونسل کا مسئلہ کشمیر پر اجلاس سفارتی فتح ہے۔
پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مودی کی شیطانی ذہنیت کو ملیا میٹ کریں گے۔ ہمسایہ ملک اپنی ہی لگائی آگ میں بھسم ہونے جا رہا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیرمیں کربلا کی یاد تازہ کر دی ہے۔
مشیر اطلاعات ہندوستان نے تمام اقلیتوں کو دیوار سے لگا کر آگ میں جلنے اور بھسم ہونے جا رہا ہے۔ بارہ دن کے کرفیو نے کربلا کی یاد تازہ کی، کشمیر میں ہر گھر کے باہر فوجی کھڑے ہیں۔ بھارت میں بسنے والی اقلیتں آج شرمندہ ہیں، اب سوائے ہندو ازم اورہندو بالادستی اور آرایس ایس کی غنڈہ گردی کی کے سوا وہاں کسی کی جگہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے، سیاہ کاری اور مکروہ عمل کی مذمت کرتے ہیں۔ سیاسی محاذ پرہم سے زیادہ کوئی دفاع نہیں کرسکتا۔ کل جس جس نے 14 اگست منایا سب جانتے ہیں اور جس جس نے اپنی ذات کومنایا سب جانتے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت پاک افواج کیساتھ کھڑی ہے اوراسکے پیچھے22 کروڑ عوام کھڑی ہے۔ خیبر پختونخوا میں جو نو گو علاقے تھے اج اس میں امن قائم ہے۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو حق دلوا کر رہیں گے۔ بحیثت پاکستانی ہم سب اپنے بھائیوں کے وکیل ہے۔ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان کی آزادی نا مکمل ہے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارت کےخلاف بروقت اقدامات کریں۔ دنیا بھر میں عمران خان نے کشمیریوں کا سفیر بن کر بھارت کے ظلم وستم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ بھارتی پائلٹ کو رہا کر کے عمران خان نے امن کو موقع دیا۔ مودی امن سے کھیلنا چاہتا ہے توہم ہرطرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیارہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس تمام عمل میں پاک فوج کا کلیدی کردار ہے، فوج تعدادکےبجائےجذبہ ایمانی پریقین رکھتی ہے۔ مسلح افواج نے دہشت گردی جیسے کینسر کا صوبے سے خاتمہ کیا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پیغام دیا ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ آج تعمیر پاکستان کا سفر شروع ہو رہا ہے۔ جب ملک پر مشکل گھڑی آتی ہے تو قومی میڈیا ہر اول دستہ بنتا ہے۔
اس سے قبل ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 5 دہائیوں بعد سلامتی کونسل کا مسئلہ کشمیر پر اجلاس سفارتی فتح ہے، روس نے بھی پاکستان کے مطالبے کی تائید کی۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا مودی کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کا نوٹس لے رہی ہے، سلامتی کونسل کا اجلاس بھارتی دعوے پر کاری ضرب ہے، پاکستان ہر فورم پر مظلوم کشمیریوں کی وکالت کرے گا۔