لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انسانی تہذیب کے نام نہاد علمبرداروں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کیا عالمی برادری کشمیریوں کی شہادت کا انتظار کر رہی ہے؟
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلسل 3 ہفتوں سے جاری کرفیو سے انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ کشمیریوں کو خوراک، ادویات اور ضروریات زندگی سے محروم کرنا بھارتی وحشت کو آشکار کر رہا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ کیا ظلم وجبر سے پھول کھلیں گے یا تشدد جنم لے گا؟ ہر عمل کا ردعمل ہوتا ہے، ظلم اور زیادتیوں کا ردعمل خوفناک ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیری معصوم صفت اور فطرت پرست ہیں، انہیں تشدد پر نہ اکسایا جائے۔ نریندر مودی دور حاضر کے بدترین انتہا پسند بن چکے ہیں۔ مودی اخلاقی، سیاسی اور تہذیبی بنیادوں پر کشمیر کی جنگ ہار چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی کوتاہ بینی کا نتیجہ بھارت کے تقسیم کی صورت میں نکلے گا۔ مودی کا انڈیا اقلیتوں کیلئے جہنم سے کم نہیں ہے۔ بھارت نے جنت نظیر وادی کشمیر کو بارود اور گولیوں سے دوزخ بنا دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام آزادی کی جنگ بہادری سے لڑ رہے ہیں۔ تنازع کشمیر بین الاقوامی مسئلہ بن کر سامنے آیا ہے۔ اس مسئلے سے عالمی برادری نظریں نہیں چرا سکتی۔