جسٹس عظمت سعید نے سپریم کورٹ میں تاریخی فیصلے دیئے: چیف جسٹس

Last Updated On 27 August,2019 02:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جسٹس شیخ عظمت سعید نے سپریم کورٹ میں کئی تاریخی فیصلے دیئے اور کئی بے یقینی معاملات کو بھی حل کیا۔ چیف جسٹس آصف سعید کهوسہ نے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں کہا کہ آئین اور قانون کی حکمرانی پر یقین ان کے فیصلوں سے عیاں ہے۔ مقدمات کا فیصلہ کرتے ہوئے جسٹس شیخ عظمت سعید کی سوچ بڑی واضح ہوتی تھی۔

چیف جسٹس آصف سعید کهوسہ نے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس شیخ عظمت سعید کے ساتھ کام کرنا عزت اور اعزاز ہے۔ جسٹس شیخ عظمت سعید اعلی عدلیہ کا اثاثہ رہے ہیں ان کی ذہانت سے فائدہ اور تجربہ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس شیخ عظمت سعید نے سپریم کورٹ میں کئی تاریخی فیصلے دیئے اور کئی بے یقینی معاملات کو بھی حل کیا۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ جسٹس شیخ عظمت سعید کی آئین اور قانون کی حکمرانی پر یقین ان کے فیصلوں سے عیاں ہے۔ مقدمات کا فیصلہ کرتے ہوئے جسٹس شیخ عظمت سعید کی سوچ بڑی واضح ہوتی تھی۔ جج صاحب کسی بھی دلیل کو روشنی کی رفتار سے سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا ہنسی مزاح بھی ان کی شخصیت کا خاصا ہے۔

جسٹس عظمت سعید نے اپنے اعزاز میں منعقدہ فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قانونی نظام ایک ایک اینٹ لگا کر محنت سے بنایا گیا ہے۔ توقع ہے انصاف کے سفر میں شارٹ کٹس نہیں آئیں گے۔ ساتھی ججز جوڈیشل انارکی اور انصاف کے درمیان فرق سے آگاہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کیلئے سب کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ عدلیہ کا حصہ بن کر عوام کی خدمت کرنا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں تھا۔

فل کورٹ ریفنرس سے وائس چیئرمین پاکستان بارکونسل امجد شاہ، اٹارنی جنرل انور منصور خان، صدر سپریم کورٹ بار امان اللہ کنرانی نے بھی خطاب کیا۔ ریفرنس میں جسٹس قاضی فائز عیسی نے بھی شرکت کی۔
 

Advertisement