اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے پارک لین کیس میں نئے شواہد حاصل کر لئے، آصف زرداری کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ ملزمان پر قرض کے نام پر فراڈ سے نیشنل بنک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
اڈیالہ جیل کے قیدی آصف زردای کی مشکلات میں مزید اضافہ، نیب کو پارک لین کیس میں نئے شواہد مل گئے۔ سابق صدر کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ، متعلقہ عدالت کو آگاہ کر دیا گیا۔
نیب کے مطابق پارک لین کیس میں ایس ای سی پی ریکارڈ اور مختلف گواہان کے بیانات سے نئے شواہد سامنے آئے، ملزمان نے نیشنل بینک سے پہلے ڈیڑھ ارب پھر 80 کروڑ روپے کا قرض حاصل کیا، ملازمین کے نام پر جعلی کمپنی پارتھینون بنائی اور آئی بی سی سنٹر میں جائیداد خریدی گئی، نیب نے سنٹر میں 8 فلور سیل کر رکھے ہیں، آصف زرداری پارک لین کمپنی میں 25 فیصد شیئرز کے مالک ہیں۔