اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمیعت علمائے اسلام (ف) کا 19 ستمبر کو مظفر آباد میں آزادی مارچ کرنے کا فیصلہ، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کا فیصلہ اندھیرے میں نہ کیا جائے۔
امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں جے یو آئی آزاد کشمیر کے علمائے کرام کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف 19 ستمبر کو مظفرآباد میں آزادی مارچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت احتجاج کر رہی ہے، جبکہ مودی پوری دنیا کو ہم نوا بنا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جے یو آئی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ کشمیریوں کی جدوجہد کا فیصلہ اندھیرے میں نہ کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کو خبر میڈیا سے ملتی ہے جبکہ وہ اس معاملہ میں فریق ہے۔ کشمیریوں کو اپنی آزادی کی جنگ خود لڑنا پڑے گی۔ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی تبدیلی سے موجودہ حکومت باخبر تھی۔ ٹرمپ جس ثالثی کی بات کر رہا تھا، وہ مقبوضہ کشمیر کی نہیں آزاد کشمیر کی بات ہے۔