اپوزیشن کی اے پی سی 26 جون کو اسلام آباد میں ہو گی

Last Updated On 22 June,2019 11:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن کی اے پی سی کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔ جے یو آئی (ف) کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد میں ہو گی۔

ترجمان جے یوآئی (ف) کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے اے پی سی سے متعلق تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد کانفرنس اسلام آباد میں 26 جون کو کرانے کا اعلان کیا ہے۔

 

دنیا نیوز کے مطابق کانفرنس 26 جون کو صبح 11 بجے ہو گی۔ اے پی سی مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت ہو گی۔ اے پی سی میں حکومت کیخلاف تحریک چلانے یا حکومت گرانے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ اے پی سی میں چیئر مین سینیٹ کی تبدیلی پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ حالیہ بجٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی تمام پارٹیاں اے پی سی میں شرکت کریں گی، پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے شہباز شریف اپنی جماعت کی نمائندگی کریں گے، مریم نواز کے ساتھ پارٹی کے سینئر قائدین بھی شرکت کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی نمائندگی بلاول بھٹو زرداری کریں گے، پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت بھی ان کے ساتھ اے پی سی میں شرکت کرے گی۔ دیگر جماعتوں میں جماعت اسلامی، اے این پی، قومی وطن پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی کی بھی شرکت متوقع ہے۔
 

Advertisement