لاہور: (دنیا نیوز) مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی سڑکوں پر آ گئی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کہتے ہیں کہ ہمارا احتجاج کسی کی رہائی کے لئے نہیں بلکہ مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف ہے، پی ٹی آئی نے گزشتہ 5 سال کنٹینرز پر چڑھ کر دعوے، وعدے اور قوم کو سبز باغ دکھائے۔
جماعت اسلامی نے مہنگائی کے خلاف لاہور میں ریگل چوک سے چیئرنگ کراس مال روڈ تک احتجاجی مارچ کیا، شرکاء نے مہنگائی، ایم آئی ایف کی غلامی، بیروزگاری اور بجٹ کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر نعرے بازی کی۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہمارے احتجاج کسی بھی کرپٹ سیاستدان کی رہائی کے لئے نہیں
جماعت اسلامی کا احتجاج مہنگائی اور پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں کے خلاف ہیں۔ ڈالر 157 پر چلا گیا، پیٹرول، چینی، آٹا، سیمنٹ، قلم، کتابیں مہنگی ہو گئیں، میٹروبس کے کرائے بڑھا دیئے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے منتخب وزیر خزانہ اسد عمر کو ہٹا کر غیر منتخب شخص اور آئی ایم ایف کے غلام کو خزانے کی چابیاں دے دیں۔ پی ٹی آئی نے کنٹینرز پر چڑھ کر بہت سے دعوے، وعدے کئے لیکن کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے 23 جون کو فیصل آباد میں بھی مہنگائی کے خلاف عوامی مارچ کا اعلان کیا۔