پشاور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں بی آر ٹی کے خلاف نیب کو درخواست دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
پشاور پریس کلب میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بی آر ٹی منصوبے سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جماعت اسلامی کے میں جے یو آئی، مسلم لیگ ن، اے این پی، قومی وطن پارٹی، پیپلز پارٹی اور تاجر یونیز کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
جماعت اسلامی کے صوبائی امیر اور سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی میں نااہلی کی انتہا کر دی گئی ہے۔ منصوبے کو کابینہ سے پاس نہیں کیا گیا۔ بی آر ٹی کا فورنزک آڈٹ ہونا چاہیے۔
اے پی سی میں شامل تمام پارٹیوں نے سپریم کورٹ سے بی آر ٹی منصوبے پر سو موٹو لینے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ منصوبے کے خلاف نیب میں متفقہ طور پر درخواست دینے کا فیصلہ بھی کیا۔ کانفرنس میں شریک تاجروں کا کہنا تھا کہ منصوبے سے دو سو ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچا۔
آل پارٹیز کانفرنس میں شرکا نے بی آرٹی منصوبے میں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور لاگت میں اضافے کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔