ملتان: (دنیا نیوز) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ افغان قوم نے ایک اور سپر پاور کو شکست دے دی۔ امریکہ اپنی ہار کو کامیابی میں بدلنے کی کوششیں کررہا ہے۔ حکمرانوں کو وزیراعظم کے کتے کے آنسو کو نظر آتے ہیں لیکن تھر میں بھوک سے مرتے بچے کسی کو دکھائی نہیں دیتے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ امریکہ اور نیٹو فورسز نے افغانستان میں اپنی شکست تسلیم کرلی ہے اب افغانستان اور پاکستان کے حالات بہتر ہونگے۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ زیادہ بھیک مانگنے کو کامیابی سمجھا رہا ہےحکومت آئی ایم ایف کے پاس جانے کی بجائے سادگی اختیارکرے۔ آج بھی تھر میں بچے بھوک سے مررہے ہیں۔ غریب کا بچہ مر جائے کوئی مسئلہ نہیں لیکن حکمرانوں کو خان صاحب کے کتے کے آنسو نظر اتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے لوگ سانحہ ساہیوال کو بھول جائیں۔ ذیشان کو دہشتگرد ٹھہرا دیا گیا ہے، پیپلز پارٹی کے دور میں سندھ میں 400 لوگ ایک افسر نے ہلاک کئے۔ ن لیگ کے دور میں سانحہ ماڈل ٹاون ہوا مولانا سمیع الحق کے قاتل تاحال آزاد ہیں پچھلی اور موجودہ حکومت میں کوئی فرق نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب ملک کا پسماندہ علاقہ ہے۔ ہر حکومت نے جنوبی پنجاب کے ساتھ وعدے کئے۔ موجودہ حکومت نے بھی وعدہ کیا لیکن 6ماہ بعد بھی کچھ نہیں کیا، جنوبی پنجاب صوبہ محاذ والے بھی اسمبلیوں میں موجود ہیں لیکن جنوبی پنجاب صوبہ نہ بن سکا۔
سراج الحق نے سوال کیا کہ حکومت نے 1کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا، اب تک جنوبی پنجاب میں کتنی نوکریاں اور گھر ملے۔ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث روپیہ سستا، پٹرول گیس مہنگی ہوئی۔ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول سستا ہوا لیکن پاکستان میں عوام کو ریلیف نہیں ملا۔ حکومت نے 6ماہ میں کونسا اسلامی ریاست والا کام کیا۔