لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا سونامی سب کچھ بہا لے جائیگا، حکومت پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے۔
پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے ہر چیز مہنگی ہوجائے گی، ایسا نہ ہو کہ مہنگائی کے ستائے لوگ رمضان میں ہی سڑکوں پر آجائیں۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دے رہے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے حج اور عمرے پر جانے کیلئے کرایوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کے دعویدارمدینہ جانا مشکل بنا رہے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا حکومت پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور حج اور عمرہ کرایوں میں فوری کمی کی جائے۔