پشاور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومتوں کی ناکامی کا پتا عوام کو پانچ سال بعد چلتا تھا لیکن تحریک انصاف کی حکومت کی ناکامی 9 ماہ میں ہی سامنے آ گئی ہے۔
پشاور کے جناح پارک میں پیغام قران کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ پچھلے نو ماہ سے خیبر پختونخوا میں ترقی کا پہیہ الٹا چل رہا ہے۔ کیا صوبے میں 350 ڈیم بن گئے؟ کہاں گئے وہ پچاس لاکھ گھر، وہ ایک کروڑ نوکریوں کے وعدے؟ موجودہ حکومت اور اس کے وزرا کے پاس ترقی کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا آئی ایم ایف کے پاس جانے والوں کو برا بھلا کہنے والے آج خود بھی آئی ایم ایف سے مدد مانگ رہے ہیں۔ حکومت نے عوام کو مہنگائی اور بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔