کراچی: (دنیا نیوز) ماں باپ اور دو بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔ ایک بچے کی تلاش جاری، کینجھر جھیل میں مچھلی کے شکار کے لیے آنے والے دو دوست ڈوب کر انتقال کرگئے۔
خوشیوں کی تلاش میں موت سے ملاقات ہوگئی۔ ساکران کے قریب حب ندی پر چھٹی کے دن پکنک منانے کے لیے جانے والے کراچی کے رہائشی خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی۔
چار سالہ اریب ندی کے کنارے کھیلتے ہوئے پانی میں گرا جسے بچانے کے لیے ماں، بہن، بھائی اور والد یکے بعد دیگرے کودے اور جان گنوا بیٹھے۔
ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد چار سالہ اریب، تیرا سالہ حفصہ، چونتیس سالہ مہ جبین اور اس کے شوہر سہیل کی لاش نکال لی جبکہ دس سالہ حمزہ کی تلاش جاری ہے۔ متوفین کا تعلق کراچی کےعلاقے گلشن ضیا سے بتایا جاتا ہے۔
ادھر جھمپیر کے قریب کینجھر جھیل میں مچھلی کے شکار کے لیے آنے والے دو نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
حیدر آباد کے فتح چوک سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان چھٹی منانے کینجھر جھیل آئے تھے۔
شہزاد ولد عبدالجمیل پانی میں گرا تو اس کا دوست وقار اسے بچانے کے لیے جھیل میں کود گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کی۔ ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد غوطہ خوروں نے دونوں دوستوں کی لاشیں نکال کر ورثا کے حوالے کر دیں۔