لاہور: ( روزنامہ دنیا) وزیر اعظم اور وزیر ریلویز شیخ رشید کے ویژن کے مطابق ریلوے لاہور ڈویژن میں قرعہ اندازی کے ذریعے شفافیت کے ساتھ بھرتیوں کا باقاعدہ آغاز گزشتہ روز ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفس ریلوے لاہور کے کمیٹی روم میں ٹرین لائٹنگ معاون، خاکروب مکینیکل اور سی اینڈ ڈبلیو کلینر کی قرعہ اندازی، تمام امیدواروں کی موجودگی میں جی ایم ایم اینڈ ایس شاہد رضا اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور عامر نثار چودھری نے کی۔ قرعہ اندازی شروع کرنے سے پہلے امیدواروں اور تمام کمیٹی ممبران کی موجودگی میں شفافیت کے تمام تقاضے احسن طریقے سے سر انجام دیئے گئے۔ مزید برآں کامیاب امیدواروں کی فہرستیں فوراً نوٹس بورڈ پر آویزاں کر دی گئیں۔
یاد رہے ریلوے لاہور ڈویژن میں قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتیوں کا عمل 6 ستمبر تک جاری رہے گا۔ شیڈول کے مطابق 4 ستمبر کو گیٹ مین، کال مین، آرآر کک، بکس پورٹر، لگج پورٹر، ڈبلیو آر بیئرر، خاکروب کمرشل، سگنل معاون، ٹرالی مین، پمپ معاون، معاون الیکٹریکل ، جبکہ 5 ستمبر کو گیٹ کیپر، معاون سول انجینئرنگ، خاکروب سول انجینئرنگ، ریسٹ ہاؤس چوکیدار، آل معاون ٹیلی کام، اسی طرح 6 ستمبر کو کارپینٹر، میسن، سٹور اشور، بلیک سمتھ، معاون آئل انجن، پوائنٹس مین، کال مین لوکو، جیپ ڈرائیور، چوکیدار الیکٹریکل انجینئرنگ، مالی، ٹریفک معاون، لیمپ مین، آرآر بیئرر ٹرانسپورٹیشن، کرین معاون، سٹور معاون کی بھرتی بذریعہ قرعہ اندازی کی جائے گی۔
اس کے علاوہ جی ایم ایم اینڈ ایس اور ڈی ایس ریلوے لاہور نے امیدواروں کی فہرستوں کی شفافیت کے ساتھ تیاری اور دیگر عمدہ انتظامات پر ڈویژنل پرسانل آفیسر بشریٰ رحمن کی تعریف کی۔