لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب یوتھ فیسٹیول کیس میں سابق صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے ملزم وسیم احمد نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو اعترافی بیان ریکارڈ کرا دیا۔
نیب حکام نے وعدہ معاف گوہ بننے والے ملزم وسیم احمد کو اعترافی بیان ریکارڈ کرانے کے لیے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا۔ ملزم وسیم احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ یوتھ فیسٹیول میں سابق صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود نے غیر قانونی ٹھیکے دئیے۔ ملزم وسیم احمد نے اعترافی بیان میں مزید کہا کہ رانا مشہود اور سابق ڈی جی سپورٹس عثمان انور نے کروڑوں روپے کا قومی خزانہ کو نقصان پہنچایا۔
ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ فرضی کمپنیز بنا کر رانا مشہور اور عثمان انور نے من پسند افراد کو ٹھیکے دئیے اور ایسی کمپنیز کو ٹھیکے دئیے گئے جو رجسٹرڈ ہی نہیں تھیں۔ نیب حکام نے چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ملزم وسیم احمد کی وعدہ معاف گواہ بننے کا درخواست منظور کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو انکا بیان ریکارڈ کرایا۔