مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت، سعودی اور اماراتی وزرا کو آگاہ کردیا گیا

Last Updated On 04 September,2019 06:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ نے معزز مہمانوں کیساتھ ملاقات میں خطے میں سیکیورٹی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارتی اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور یو این قراردادوں کے منافی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے اہم دورے پر آئے سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ سے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت اہم ایشوز پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔

اس اہم ملاقات میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایک ماہ سے لاکھوں کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، کشمیر کی صورتحال تشویشناک ہے، خوراک اور ادویات میسر نہیں، بھارتی اقدام کا مقصد کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔ اس نے یکطرفہ اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی خصوص حیثیت تبدیل کی۔

اس سے قبل سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ اہم ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نور خان ایئربیس پر دونوں معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ تینوں وزرائے خارجہ نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر یکجہتی کا اظہار کیا۔

سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید بن سلطان اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال، پاک بھارت کشیدگی اور دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ خطے کی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کیساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اپنے سعودی اور اماراتی ہم منصوبوں کی پاکستان آمد کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم کے رابطوں کے بعد یہ اہم دورے ممکن ہوئے۔ دونوں معزز مہمان اکھٹے پاکستان کے دورے پر آئیں گے۔

ایک اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی اور یواے ای کے وزرائے خارجہ سے مشترکہ ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم اور آرمی چیف سے دونوں وزرائے خارجہ ملاقات کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر اس ملاقات کا سنگل پوائنٹ ایجنڈا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے سامنے چند گزارشات بھی رکھی جائیں گی۔ پاکستانی قوم کی توقعات برادر ملکوں کے سامنے رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور یو اے ای کی پاکستان سے کافی قربت ہے۔ اس اہم ملاقات میں عرب ممالک کو پاکستان اور کشمیریوں کا نقطہ نظر پیش کیا جائے گا۔
 

Advertisement