ملتان: (روزنامہ دنیا) ملتان میں یوم عاشور پر تعزیے کے 117 جلوس برآمد ہونگے جن میں استاد اور شاگرد کا تاریخی تعزیہ بھی شامل ہے جسے عزاداروں کی زیارت کیلئے رکھ دیا گیا۔
ملتان میں استاد پیر بخش کا تاریخی تعزیہ نقش و نگار، حسن وجمال اور نفاست میں اپنی مثال آپ ہے جسے 1833 میں 12 کاریگروں نے ہاتھوں سے 5 سال کی مدت میں تیار کیا جس کی لمبائی 22 فٹ، چوڑائی 10 فٹ اور وزن 70 من ہے جسے زیارت کیلیے النگ خونی برج پر رکھ دیا گیا ہے۔
شاگرد مقمع الدین کا تعزیہ 1860 میں تیار کیا گیا جس کی لمبائی 40 فٹ، چوڑائی 22 فٹ اور وزن بھی استاد کے تعزیے کی نسبت 30 من زیادہ ہے جسے درجنوں عزادار بڑی مہارت سے برآمد کرتے ہیں جن کی سیکورٹی کیلیے بھی پولیس حکام نے خصوصی پلان تشکیل دے دیا ہے۔
یوم عاشور پر استاد کا تعزیہ امام بارگاہ جھک جبکہ شاگرد کا تعزیہ پاک گیٹ سے برآمد ہو گا تاہم شاگرد کا تعزیہ حرم گیٹ اور استاد کا تعزیہ شاہ رسال میں بعد نماز عصر اختتام پزیر ہو گا۔