اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد پولیس نے محرم الحرام کا سیکورٹی پلان جاری کر دیا، آئی جی اسلام آباد نے دفعہ 144پر سختی سے عملدرآمد اور مجالس، جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
محرم الحرام کے لئے ترتیب دیئے گئے سیکورٹی پلان کے مطابق ضلع بھر میں دو ربیع الاول تک مجموعی طور پر 909 مجالس اور 177 جلوسوں کی نگرانی پر 12 ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات ہوں گے، جلوسوں اور مجالس کے آغاز سے قبل روٹس اور مقامات کی ہر صورت سکریننگ کی جائے گی، پلان کے مطابق حساس مجلس اور جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
مجالس اور جلوسوں کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کئے جائیں گے، شرکاء کی جامہ تلاشی لی جائے گی، آر سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سمیت مختلف ذرائع سے ریکارڈنگ بھی کی جائے گی۔ پلان کے مطابق مجالس اور جلوسوں کے اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
مجالس جلوسوں کے راستوں میں آنے والی بلند چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے جائیں گے، سیکورٹی پلان کے مطابق محرم الحرام کے دوران وال چاکنگ اور لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا جبکہ گاڑیوں کی پارکنگ مجالس اور جلوسوں سے دور کروائی جائے گی۔