ملک بھر میں آج 8 محرم الحرام کے جلوس نکالے جائیں گے

Last Updated On 19 September,2018 09:48 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں آج آٹھ محرم الحرام کے جلوس نکالے جائیں گے، کراچی اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے۔

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں 8، 9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی، آج 8 محرم پر صرف جلوسوں کی گزرگاہوں اور اطراف میں سروس کو معطل کیا جائے گا۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 8، 9 اور 10 میں موبائل فون سروس صبح 7 تا رات 12 بجے تک بند رہے گی۔

حیدرآباد، شہید بے نظیرآباد، خیرپور سمیت دیگر علاقوں میں بھی موبائل فون سروس بند رہے گی۔ 8 محرم الحرام کو صرف جلوسوں کے روٹس کے اطراف میں موبائل فون کی بندش ہوگی جبکہ 9 اور 10 محرم الحرام کو مکمل طور پر موبائل فون کی بندش ہوگی۔

دریں اثنامحرم الحرام میں سیکیورٹی خدشات کے باعث ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 8 محرم کی شب سے شروع ہو گیا۔ سندھ حکومت نے 8، 9 اور 10 محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کی تھی۔ منگل کو رات بارہ بجے سے اس پابندی پر عمل شروع ہو گیا۔ 8 محرم کے جلوس کے سلسلے میں ایم اے جناح روڈ اور اس کے اطراف کنٹینرز رکھنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا۔ دکانوں کی بم ڈسپوزل اسکواڈ سے چیکنگ کرائی گئی اور پھر دکانوں کو سربمہر کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔