ملک بھر میں یوم عاشور پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، جلوسوں کی مانیٹرنگ اور فضائی نگرانی کی گئی، موبائل فون سروس کہیں مکمل بند تو کہیں جزوی طور پر معطل رہی جسے جلوسوں کے ختم ہوتے ہی بحال کر دیا گیا۔
کراچی/لاہور/کوئٹہ/پشاور/اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں یوم عاشور پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہی۔ موبائل فون سروس بھی بند رہی۔ پولیس، ایلیٹ فورس، قومی رضاکار، بم ڈسپوزل اور ریسکیو ٹیمیں ماتمی جلوسوں کے ساتھ تھیں۔
کراچی میں مرکزی جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والے تمام راستوں اور دکانوں کو بند کر دیا گیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی مانیٹرنگ کی گئی اور فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ سکیورٹی کیلئے دس ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ جلوس کے راستوں میں جگہ جگہ سنائپرز بھی چھتوں پر موجود رہے۔
لاہور میں مرکزی جلوس کی فضائی نگرانی کی گئی۔ جلوس کا روٹ خاردار تاروں سے بند رہا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں میٹرو بس بند رہی۔ جڑواں شہروں میں پولیس کے ہزاروں اہلکار تعینات رہے۔
پشاور میں جلوسوں کی نگرانی کیلئے مجموعی طور پر 10 ہزار سے زیادہ اہلکار تعینات رہے۔
کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں 50 جلوسوں کی فضائی نگرانی کی گئی۔
حیدر آباد اور سکھر سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔