محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، یومِ عاشور 21 ستمبر کو ہوگا

Last Updated On 10 September,2018 10:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، یومِ عاشور بروز جمعہ 21 ستمبر کو ہوگا۔

محرم الحرام کا چاند دیکھنے سے متعلق رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کے زیرِ صدارت ہوا جس میں مرکزی اور پاکستان بھر سے زونل کمیٹیوں کی جانب سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ملک بھر سے محرم الحرام کا چاند دیکھنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، یومِ عاشور 21 ستمبر بروز جمعہ کو ہوگا۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی تھی کہ پاکستان میں یکم محرم 12ستمبر بروز بدھ اور یوم عاشور 10 محرم بمطابق 21 ستمبر کو ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں پیر کو چاند نظر آنے کے امکانات کم جبکہ بروز منگل چاند نظر آنے کے قوی امکانات موجود ہیں۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ ہمارا کام پیشنگوئی کرنا نہیں بلکہ شرعی رویت کو دیکھنا ہے، شرعی طور کے مطابقر رویت کے تحت چاند نظر آنے کا اعلان کرینگے۔