سید الشہداء امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں ماتمی جلوس برآمد کئے گئے اور اب مجالس شام غریباں کا آغاز ہو گیا ہے۔
لاہور/کوئٹہ/پشاور/کراچی: (دنیا نیوز) شہدائے کربلا کی یاد میں ہر آنکھ نم ہے۔ ہر دل میں غم ہے۔ شہر شہر مجالس شام غریباں کا آغاز ہو گیا ہے۔ شام غریباں کی مجالس سے پہلے ملک بھر میں گلی گلی سے جلوس برآمد ہوئے۔
کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا پنجابی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
لاہور میں نثار حویلی سے برآمد کیا گیا جلوس کربلا گامے شاہ پہنچا جہاں عزاداروں نے پرسہ داری کی۔
ملتان میں استاد اور شاگر کے مشہور تعزیے کا جلوس برآمد ہوا۔ استاد کے تعزیہ کا جلوس شاہ رسل اور شاگرد کے تعزیہ کا جلوس پاک گیٹ محلہ جھک پہنچ کر اختتام پذیرہوا۔
اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، جھنگ، میانوالی، خانیوال، مظفر گڑھ، حیدر آباد، سیہون شریف اور سکھر میں بھی عزادار دن بھر پرسہ داری کرتے رہے۔
پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، لورالائی، قلعہ عبداللہ اور جعفرآباد سمیت دیگر شہروں میں بھی عاشورہ کے جلوس برآمد ہوئے اور مجالس شام غریباں کا اہتمام کیا گیا۔