امام حسینؓ نے جانوں کا نذرانہ دیکر حق کو فتح سے سرفراز کیا، واقعہ کربلا کا اصل پیغام سمجھنے کی ضرورت ہے، یوم عاشور پر صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے پیغام۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر ممنون حسین نے کہا کہ ملک کو درپیش انتہاء پسندی جیسے تمام سیاسی اور سماجی مسائل سے نجات دلانے کیلئے حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کی روشنی میں لائحہ عمل وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے اہلخانہ کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ہمیں ان تمام مقاصد اور حکمت عملیوں کو بھی پیش نظر رکھنا چاہئے جو تمام بنی نوع انسان خصوصاً ہمیں درپیش مسائل کا حل فراہم کرتی ہیں۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ قوم قربانی، اتحاد اور نظم و ضبظ کی عظیم خصوصیات کے فروغ کیلئے تمام مذہبی، فرقہ وارانہ اور نسلی تعصبات ترک کر دے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانیوں نے ثابت کیا کہ سچائی کو دوام حاصل ہے اور جھوٹ فنا ہو جاتا ہے۔