کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات سے بچاو کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی جو یکم سے 10 محرم الحرام تک برقرار رہے گی۔
محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان نے یکم تا 10 محرم الحرام صوبہ بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے جس پر آج سے مکمل عمل درآمد شروع ہو گیا ہے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کریں گے۔
یکم سے دس محرم الحرام تک ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش، پوسٹرز اور وال چاکنگ و ماتمی جلوسوں کی روٹ اور امام بارگاہوں کے قریب کی دکانوں کے علاوہ مکانات کی انتظامیہ سے اجازت لئے بغیر کرایہ داری پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر ميں امن وامان کےلئے مذکورہ بالا اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔