اسلام آباد (ویب ڈیسک) یوم عاشور آج ملک بھر میںنہایت عقیدت و احترام اور مذہبی رواداری کے ساتھ منایا جا رہا ہے. مجالس عزا کے انعقاد کے بعد شہر شہر شبیہ علم، تعزیے اور ذوالجناح کے ماتمی جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے منزل کی جانب رواں دواں ہیں.
نواسہ رسولؓ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں آج یوم عاشور کے موقع پر ملک کے طول و عرض میں مجالس عزا منعقد کی جارہی ہیں۔ شبیہ علم و تعزئیے اور ذوالجناح کے جلوس برآمد کئے گئے جن میں لاکھوں کی تعداد میں عزادار سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے پرسہ پیش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، مختلف شہروں میں موبائل سروس جزوی طور پر بند رکھی جائے گی۔
ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں منعقدہ مجالس عزا میں علمائے کرام اور ذاکرین فلسفہ شہادت بیان کرتے ہوئے حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی دین اسلام کی سر بلندی کیلئے کربلا کے تپتے ریگزار میں پیش کی گئی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔
امام بارگاہوں میں مجالس عزا کے اختتام پر شبیہ علم وذوالجناح اور تعزیے کے بڑے بڑے جلوس برآمد ہوئے جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے گزر کر شام کو واپس آستانوں پر اختتام پذیر ہوں گے جہاں پر مجالس شام غریباں بپا ہوں گی۔
اس موقع پر پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے انتہائی سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ حساس علاقوں میں رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ دہشتگردی کے خدشے کے پیش نظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر آج پابندی عائد رہے گی جبکہ یوم عاشور کے موقع پر موبائل سروس بھی جزوی طور پر معطل رہے گی۔