اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئیں چلیں سب مظفر آباد، بن کر کشمیریوں کی آواز، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ٹیگ لائن جاری کر دی گئی۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان جمعے کے روز مظفر آباد میں جلسہ کر رہے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی بر بریت، جبر و استبداد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان پہلے ہی کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم اور مودی سرکار کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنے کے خلاف دنیا کے ہر فورم پر مظلوم کشمیریوں کے حق میں اپنی آواز اٹھانے کے عزم کا اظہار کر چکے ہیں۔
اگلے ہفتے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس شروع ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا خطاب بھی اجلاس سے شیڈول ہے۔ وزیر اعظم اجلاس سے پہلے جمعے کے روز سے کشمیر مہم شروع کر رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہہ چکے ہیں کہ مظفر آباد جانے کا مقصد پوری دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا ہے دنیا کو بتائیں گے کہ بھارت نے کشمیر میں مسلسل محاصرہ کر رکھا ہے۔ وزیر اعظم نے اس عزم کو بھی دہرایا کہ وہ جلسے میں کشمیریوں کو یقین دلائیں گے کہ پاکستان ان کے ساتھ ہے۔