مسئلہ کشمیر پر سودا کرنیوالوں کو اللہ نے جیل بھیج دیا: وزیر داخلہ

Last Updated On 11 September,2019 09:16 pm

سرگودھا: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی ڈیل کے حوالے سے مجھے کچھ معلوم نہیں ہے۔ مسئلہ کشمیر پر سودا کرنیوالوں کو اللہ نے جیل بھیج دیا۔

 

سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ڈیل کے حوالے پتہ نہیں وہ نیب کے قیدی ہیں وہی ان کا فیصلہ کرینگے ، یہ فیصلہ میں کر سکتا ہوں نہ کروں گا،مجھے نہیں لگتا یہ فیصلے کابینہ کرے گی۔

 

اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو جس طرح سفارتی طریقہ سے اٹھایا پہلے کبھی نہیں اٹھایا، مسئلہ کشمیر 1964ء کے بعد پہلی مرتبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھایا گیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے یہ میں نہیں قائد اعظم نے کہا تھا، مسئلہ پر سودا کرنے کی باتیں غلط ہیں، جو لوگ یہ کر سکتے تھے اللہ نے انہیں ہی جیل بھیج دیا۔

دریں اثناء ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد دنیا یکسر بدل گئی۔ پاکستان میں کسی جنگی سردار یا دہشتگرد کی جگہ نہیں۔ نائن الیون کے بعد دنیا یکسر بدل گئی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان عالم دین ہیں انکی عزت کرتا ہوں، مولانا فضل الرحمان سے ڈیل نہیں ہو گی وہ خود ڈھیلے ہو جائیں گے۔

اعجاز شاہ کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو کسی دوسری پارٹی سے کوئی خطرہ نہیں ہے، حکومت 70 سال کا کچرا صاف کر رہی ہے،پی ٹی آئی کی حکومت اگلی بار بھی آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جج کیخلاف ویڈیو شریف برادران نے بنوائی تھی، جج ویڈیو کیس میں شریف خاندان پر فرد جرم عائد ہونی چاہیے تھی، زرداری کیخلاف کیس جانبدارانہ ہوتا تو وہ جیل میں نہ ہوتے، وائٹ کالرکرائم ثابت کرنا مشکل ہوتا ہے، پولیس کے نظام کوبہتربنائیں گے، اگلے چارسالوں میں ملک کی حالت بہترہوجائے گی۔

 

Advertisement