کراچی: (دنیا نیوز) اساتذہ اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب، اساتذہ نے فوارہ چوک پر جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
اساتذہ کے پانچ رکنی وفد کا مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ تھا کہ گرفتار کیے گئے ہمارے ساتھی رہا کیے جائیں جبکہ دوسرا مطالبہ تھا کہ ہیڈ ماسٹرز کو مستقل کیا جائے۔
وفد کا کہنا تھا کہ ڈی سی ساؤتھ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کو مطالبات کو پیش کرینگے۔ ابھی کا دھرنا ختم کر رہے ہیں لیکن کل سے پریس کلب پر دھرنا دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ کل ہمارے مطالبے کی سمری بھیجی جائے گی تاہم ہمارے مطالبات کو جب تک تسلیم نہیں کیا جائے گا، تب تک احتجاج کرتے رہیں گے۔
خیال رہے کہ کراچی میں سرکاری سکولوں کے عارضی ملازمین نے نوکریاں پکی کرنے کے لیے مظاہرہ کرتے ہوئے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش کی تو پولیس پولیس نے ان پر لاٹھیاں برسا دیں، آنسو گیس کا بھی استعمال کیا جبکہ ایک درجن سے زائد اساتذہ کو حراست میں لے لیا گیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن اور آنسو گیس کابھی استعمال کیا گیا۔