لندن: (دنیا نیوز) کشمیر پر ظلم ڈھانے والے بھارت کا یوم آزادی دنیا بھر میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔ یوم سیاہ کا مرکزی احتجاج سینٹرل لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ہوگا جس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری شرکت کریں گے۔
بھارت کے خلاف یورپ اور امریکا سمیت مختلف ممالک میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے بھارتی سفارتخانوں کے سامنے احتجاج ہوگا۔ سینٹرل لندن میں سکھ رہنماؤں کے ہمراہ مظاہرے کی قیادت وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری کریں گے۔ مظاہرے میں بریڈفورڈ، مانچسٹر، برمنگھم اور شیفیلڈ سمیت برطانیہ کے مختلف شہروں سے لوگ شرکت کریں گے۔
چئیرمین سکھ فار جسٹس پرم جیت سنگھ نے کہا کہ سکھ قوم ساری دنیا میں بھارت کا چہرہ بے نقاب کرے گی، وہ بھارت کے خلاف اقوام متحدہ میں بھی جائیں گے۔ پرم جیت سنگھ نے کشمیریوں کی جدو جہد آزادی میں بھی ساتھ دینے کا وعدہ کیا۔