لاہور: (دنیا نیوز) سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آج پوری قوم یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر منا رہی ہے، پاکستانی کشمیریوں کے جائز حقوق کی جدوجہد میں ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہر صاحب ضمیر متنازع بھارتی اقدام کو مسترد کر چکا ہے، کشمیری عوام اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کئے ہوئے ہیں، بھارت نہیں جانتا کہ اس کا سامنا کس قوم سے ہے، ہم سینے میں گولی کھاتے ہیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہیں۔
عثمان بزدارکا کہنا تھا یہ وہ قوم ہے شہادت جس کا مطلوب و مقصود ہے، آزادی کی نعمت کا اندازہ وہی کر سکتے ہیں جو اس سے محروم ہیں، کل پوری قوم بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائے گی، آزادی کے لیے ہمارے بزر گوں نے لازوال قربانیاں دیں، قیام پاکستان کے بعد یہ قوم پھر ایک انقلاب آفرین دور سے گز رہی ہے، آج سب سے بڑی ضرورت اتحاد کی ہے۔