اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرنل ریٹائرڈ حبیب ظاہر کی گمشدگی کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گمشدگی میں ایجنسیوں کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا کہ کرنل (ر) حبیب ظاہر 2017ء میں ملازمت کے حصول کیلئے نیپال گئے۔ انٹرویو کال آنے پر کرنل ریٹائرڈ حبیب ظاہر کو کمپنی نے ایئر ٹکٹ بھی بھجوایا۔ وہ نیپال سے لاپتا ہوئے تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ جس ویب سائٹ سے کال کی گئی وہ بھارت سے آپریٹ ہو رہی تھی۔ نیپال حکومت نے تحقیقاتی ٹیم بنائی جو کسی نتیجہ پر نہ پہنچ سکی۔ پاکستان نے بھارتی حکومت کو بار بار کرنل کی تلاش میں معاونت کیلئے کہا۔ بھارتی سرحد کے قریب لمبینی پہنچنے کے بعد ان کا موبائل بند ہوا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کرنل حبیب کی گمشدگی میں ایجنسیوں کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت کرنل حبیب کی تلاش کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی بے بنیاد رپورٹس پر بیان جاری کیا۔ انڈین میڈیا نے دعویٰ کیا کہ کرنل حبیب بھارت کے قبضے میں ہیں اور ان کی رہائی کو کلبھوشن یادو کی رہائی سے مشروط کیا۔