کراچی: (دنیا نیوز) کچرے کے بعد اب آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات بھی سندھ حکومت کے لیے چیلنج بن گئے۔ سندھ سرکار نے ”کتا پکڑو مہم“ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر بلدیات سعید غنی نے کتوں کے معاملے کو سیاسی بنانے پر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات حکومت کیلئے نیا چیلنج بن گئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے ”کتا پکڑو مہم“ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
محکمہ بلدیات نے میئر کراچی، لاڑکانہ، سکھر اور حیدر آباد کو ہنگامی مراسلہ بھیج دیا ہے۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے بتایا کہ کتے کاٹے کی ویکسین ختم نہیں ہوئی، اس کی کمی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ کتوں کے معاملے پر سیاست نہ کی جائے۔ محکمہ بلدیات کے مراسلے میں ہدایات دی گئی ہیں کہ تمام شہروں اور دیہات میں آوارہ کتوں کے خلاف موثر مہم شروع کی جائے۔ تمام ضلعی میونسپل کارپوریشنز، ڈسڑکٹ کونسلز، میونسپل کمیٹیز اور ٹاؤن کمیٹیز کےچیئرمین کو بھی خط ارسال کیا گیا ہے۔