سکھر: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے میونسپل چیئر مین جیکب آباد عباس جاکھرانی کو 30 ستمبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔
دنیا نیوز کے مطابق گزشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) نے سکھر میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ٹاؤن کمیٹی جیکب آباد کے چیئر مین غلام عباس جاکھرانی کو گرفتار کیا جسے آج نیب کی طرف سے احتساب عدالت میں پیش کیا گیا عدالت نے عباس جاکھرانی کا جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے 30 ستمبر تک نیب کے حوالے کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: نیب کی ایک اور بڑی کارروائی، ٹاؤن کمیٹی جیکب آباد کا چیئرمین غلام عباس جاکھرانی گرفتار
احتساب عدالت کے جج امیر علی مہیسر نے کیس کی سماعت کی،نیب کے وکیل ملک زبیر اور عباس جاکھرانی کے وکیل راجہ ارسلان نے دلائل دیئے۔
عباس جاکھرانی کے وکیل کا کہنا تھا کہ بلٹ پروف گاڑی کیس میں میرے موکل ضمانت پر آزاد ہے، پتہ نہیں کیوں گرفتار کیا گیا اس پر جواب دیتے ہوئے نیب کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے رقم کی منتقلی کی گئی ہے۔
اُدھر احتساب عدالت نے نیب سے شواہد طلب کر لئے، ریکارڈ نہ ہونے پر آدھے گھنٹے کے لئے سماعت ملتوی بھی ہوئی، شواہد پیش کرنے کے بعد عدالت نے ریمانڈ دیا۔
یاد رہے کہ عباس جاکھرانی کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا، نیب ذرائع کے مطابق غلام عباس جھاکرانی پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے جبکہ اس کے علاوہ ان پر سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو بلٹ پروف گاڑی دینے کا بھی الزام ہے۔
خیال رہے کہ غلام عباس جھاکرانی وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اعجاز جھاکرانی کا قریبی عزیز ہے۔