اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ کسی بھی طرح کی بلیک میلنگ برداشت نہیں کی جائے گی، احتساب کا عمل جاری رہے گا، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان سے بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ احتساب کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کو مایوسی ہو گی۔ ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری کے لئے دن رات کام جاری ہے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ معاشی حالات کی بہتری کے لئے درست سمت کا تعین ہو چکا ہے۔ احتساب اور شفافیت موجودہ حکومت کی اہم کامیابی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقوق کے لئے سیاسی اور سفارتکاری کی کوششیں جاری رہیں گی۔