اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چین کی 70 ویں قومی دن پر کہا ہے کہ پاکستانی قوم کی جانب سے ہمارے حقیقی اور غیرمتزلزل دوست چین کو مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ چین کی ترقی اور کرپشن کے خلاف جدوجہد کا معترف رہا ہوں، پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔
عوامی جمہوریہ چین کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر آج ہم بطور قوم اپنے سچے اور پکے دوست چین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ میں ہمیشہ سے چین کی ترقی اور کرپشن کیخلاف جنگ کا معترف ہوں۔پاک-چین دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہے اور سی پیک دیرپا تعلقات کے حوالے سے ہمارے باہمی عزم کی زندہ مثال ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 1, 2019
سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پاک چین دوستی کی بہترین مثال ہے۔
دوسری طرف عمران خان آئندہ ہفتے تین روزہ دورے پر چین جائیں گے، اپنے دورے کے دوران وزیراعظم اپنے دورہ چین کے دوران صدر شی جن پنگ سمیت اعلیٰ چینی قیادت سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم چینی قیادت کا مسئلہ کشمیر پر حمایت پر شکریہ ادا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔