کشمیریوں کا مقدمہ ظلم کے خلاف جہاد سمجھ کر لڑ رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 30 September,2019 06:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین ظلم روا رکھے ہوئے ہے، ہم مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ جہاد سمجھ کر لڑ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن کے مرحوم رہنما رانا افضل کے لیے فاتحہ خوانی اور ان کی مغفرت کیلئے دعا بھی کی گئی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر پر حکومتی سفارتکاری پر بریفنگ دی۔

وفاقی وزرا اور حکومتی ارکان نے وزیراعظم عمران خان کو اقوام متحدہ میں خطاب پر خراج تحسین پیش کیا۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت بدترین ظلم کر رہا ہے۔ کشمیریوں کا مقدمہ ظلم کے خلاف جہاد سمجھ کر لڑ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کامیاب دورہ امریکا سے واپسی پر ایئرپورٹ پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مسلمانوں سے نفرت کرنے والی مودی کی فاشسٹ حکومت کو دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کریں گے۔ 80 لاکھ لوگوں کو بھارتی فوج نے کرفیو میں بند کرکے رکھا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف یہ سمجھانا چاہتے ہیں کہ جدوجہد میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، جدوجہد اونچ نیچ کا ہی نام ہے، اچھا اور برا وقت دونوں آتے ہیں، آپ نے برے وقت میں مایوس نہیں ہونا نہ گھبرانا ہے کیونکہ کشمیر میں بچے، بوڑھے اور جوان سب آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا مظلوم کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہو یا نہ ہو، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور یہ جہاد ہے۔ جب تک آپ ان کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیر کے لوگ جدوجہد کرتے رہیں گے اور وہ انشا اللہ جیتیں گے، انہیں آزادی ملے گی۔
 

Advertisement